ایف بی آر کا اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن کے قیام کا فیصلہ
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اسمگلنگ اور غیرقانونی تجارت روکنے کے لیے ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن کے قیام کا فیصلہ کرلیا۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن کے قیام سے اسمگلنگ کی روک تھام ممکن ہوگی اور غیرقانونی تجارت میں ملوث افراد کو گرفت میں لیا جائے گا، ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن کو اسمگلنگ اور غیرقانونی تجارتی سرگرمیوں کو روکنے کا مکمل اختیار ہوگا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ایف بی آر نے ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن کی قیام کیلئے 10 ارب روپے مانگ لیے ہیں جس کے تحت موجودہ چیک پوسٹوں کو بھی ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن میں تبدیل کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن کے اسٹاف کیلئے رولز، آپریشنز اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، خالی آسامیوں پر آرمڈ فورسز کے ریٹائرڈ آفیسرز اور سپاہیوں کو کنٹریکٹ پر بھرتی کیا جائے گا۔