طورخم بارڈر پر اسلحہ اور گولہ بارود اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

خالی گاڑی سے ایس ایم جی اور رائفل کے 21 ہزار سے زائد کارتوس سمیت دیگر اسلحہ برآمد

اسلام آباد:

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے ماتحت ادارے پاکستان کسٹمز نے طورخم بارڈر پر اسلحہ اور گولہ بارود اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ 

ایف بی آر کے مطابق پاکستان کسٹمز نے طورخم پر اسلحہ اور گولہ بارود پاکستان میں اسمگل کرنے کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایس ایم جی اور رائفل کے 21 ہزار سے زائد کارتوس سمیت دیگر اسلحہ برآمد کر لیا۔

یہ مشکوک کھیپ کسٹمز اسٹیشن طورخم پر کارگو کی معمول کی جانچ پڑتال کے دوران سامنے آئی، بظاہر خالی گاڑی رجسٹریشن نمبر ٹی اے ایچ -027  کو تفصیلی اسکیننگ کے لیے این ایل سی امپورٹ ٹرمینل منتقل کیا گیا جہاں اسکین شدہ تصاویر میں بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔

گاڑی کی مکمل  تلاشی  لینے کے نتیجے میں غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا، واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور قانون کے مطابق مزید کارروائی جاری ہے۔

کسٹمز حکام قانون نافذ کرنے والے  دیگر اداروں کے تعاون سے تمام ممکنہ پہلوؤں کے حوالے سے جامع تحقیقات کر رہے ہیں۔ اس واقعے کو عوام اور ملکی  سلامتی کو نقصان پہنچانے کی ایک دانستہ اور منظم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

Load Next Story