کراچی میں مختلف پولیس مقابلے، زخمی سمیت 7 ڈاکو گرفتار، اسلحہ و مسروقہ سامان برآمد

زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی)، عوامی کالونی اور سرجانی ٹاؤن پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران زخمی سمیت 7 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل ڈسٹرکٹ ویسٹ زون کی پولیس پارٹی نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب اورنگی ٹاؤن سیکٹر فور ایف، ضیاء کالونی قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت 35 سالہ اسماعیل چانڈیو ولد علی مردان کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کی گئی۔

دوسری جانب عوامی کالونی پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب کورنگی نمبر 5 جلیبی چوک کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔

زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جس کی شناخت 35 سالہ فرحان ولد وکٹر کے نام سے ہوئی ہے۔

دیگر گرفتار ملزمان نے اپنے نام نعمت اللہ، شہزاد اور جنید علی شاہ بتائے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے تین پستول بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔

ادھر سرجانی ٹاؤن پولیس نے بھی منگل اور بدھ کی درمیانی شب سیکٹر 5، محبوب شہید پولیس چوکی کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد آصف ولد محمد منظور اور دانیال ولد سہیل مرزا کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے دو پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون، نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی۔

Load Next Story