بھارت: بیڈمنٹن ایونٹ میں ناقص سہولیات پر ڈینش کھلاڑی کی سخت تنقید

گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال کوئی بہتری دیکھنے میں نہیں آئی جو کھلاڑیوں کے لیے تشویش کا باعث ہے، میا بلیخفلڈٹ

بھارت میں جاری انڈین اوپن 2026 میں ناقص سہولیات پر ڈینش کھلاڑی نے سخت اظہار برہمی کیا ہے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے معروف بیڈمنٹن کھلاڑی میا بلیخفلڈٹ نے راؤنڈ آف 32 میں کامیابی حاصل کرنے کے باوجود ٹورنامنٹ کے انتظامات اور کھیل کے حالات پر شدید تنقید کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال بھی صورتِ حال میں کوئی بہتری دیکھنے میں نہیں آئی، جو کھلاڑیوں کے لیے تشویش کا باعث ہے۔

میا بلیخفلڈٹ نے کہا کہ کھیل کے لیے فراہم کی گئی سہولیات انتہائی ناقص ہیں۔

ان کے مطابق کورٹ اور مجموعی ماحول صاف ستھرا نہیں اور حالات وہی ہیں جو پچھلے سال تھے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہی حال مستقبل میں بڑے ایونٹس کے دوران بھی رہا تو یہ کھلاڑیوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔

میا بلیخفلڈٹ نے عالمی بیڈمنٹن فیڈریشن سے مطالبہ کیا کہ وہ ان مسائل کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں کھلاڑیوں کے لیے بہترین کارکردگی دکھانا مشکل ہو جاتا ہے اور یہ کسی بھی بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے معیار کے مطابق نہیں ہے۔

میا بلیخفلڈٹ کے اس بیان کے بعد ٹورنامنٹ کے انتظامی معاملات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں جبکہ شائقین اور دیگر کھلاڑی بھی بی ڈبلیو ایف سے بہتری کی توقع کر رہے ہیں۔

Load Next Story