کراچی؛ اندھے قتل کا معمہ حل، مقتول چوکیدار کے قاتل کو کیسے گرفتار کیا گیا؟
فوٹو: فائل
کیماڑی انویسٹی گیشن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک ماہ قبل ہونے والے اندھے قتل کا معمہ حل کر کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم نے گزشتہ ماہ ایک گودام کے چوکیدار کو قتل کیا تھا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن کیماڑی توحید میمن کے مطابق گزشتہ ماہ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں واقع لکڑی کے گودام سے 61 سالہ چوکیدار محمد علی کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ مقتول کو سر اور چہرے پر شدید ضربیں لگا کر بے دردی سے قتل کیا گیا تھا، جس پر تھانہ بلدیہ ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
کیماڑی انویسٹی گیشن پولیس نے تکنیکی شواہد اور ہیومن انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے قتل کا سراغ لگایا اور ملزم رفیق عرف دادا کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نشے کا عادی ہے اور گودام کے قریب فٹ پاتھ پر رہائش پذیر تھا۔
ابتدائی تفتیش میں قتل کا محرک چوری میں مزاحمت سامنے آیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم گودام میں چوری کا عادی تھا اور مبینہ طور پر چوری سے روکنے پر اس نے چوکیدار کو قتل کر دیا۔ ملزم واردات کے بعد سے روپوش تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس کے ممکنہ ساتھیوں کے حوالے سے بھی انٹیروگیشن کی جا رہی ہے۔