کراچی؛ بھتہ خوری میں ملوث سرگرم کارندوں کی نئی فہرست تیار

پولیس کے مطابق فہرست میں شامل 10 ملزمان شوٹرز جبکہ 5 ملزمان بھتہ جمع کرنے کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں

کراچی:

پولیس نے بھتہ خور گروہوں کے کارندوں پر مشتمل 15 رکنی فہرست تیار کر لی ہے۔

 پولیس حکام کے مطابق یہ فہرست گرفتار ملزمان سے کی گئی تفتیش کی روشنی میں مرتب کی گئی ہے، جس میں شوٹرز اور بھتہ جمع کرنے والے ملزمان کے نام شامل کئے گئے ہیں۔

 پولیس کے اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ کی جانب سے تیار کردہ فہرست میں شامل ملزمان میں خالد، ایاز، دانش، فہیم اور حنیف شامل ہیں، جبکہ دیگر ناموں میں فیضان، شبیر، انیس، بلال اور عابد بھی شامل کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ نعیم، مدثر، حسیب، شیری اور اویس کے نام بھی فہرست کا حصہ ہیں۔ پولیس کے مطابق فہرست میں شامل 10 ملزمان شوٹرز ہیں، جو شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ملوث رہے ہیں، جبکہ 5 ملزمان بھتہ جمع کرنے کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

 فہرست میں شامل ملزمان کا تعلق  لیاری گینگ وار کے وسیع اللہ لاکھو اور صمد کاٹھیاواری گروہ سے ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فہرست میں شامل ملزمان کی گرفتاری کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ملزمان کا سراغ لگا لیا جائیگا۔

Load Next Story