کراچی، پولیس کے دو الگ مقابلے، خطرناک ڈاکو ہلاک، ایک زخمی حالت میں گرفتار
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان ہونے والے دو الگ الگ مبینہ مقابلوں میں ایک خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران اسلحہ، موبائل فون اور موٹرسائیکل بھی برآمد کی گئی۔
پہلا واقعہ بلال کالونی تھانے کی حدود میں نیو کراچی سیکٹر بی فائیو عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس کے مطابق مقابلے میں ایک ملزم موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ہلاک ملزم کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، جہاں اس کی شناخت جہانزیب عرف ماما کے نام سے ہوئی۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کے مطابق ہلاک ملزم سے نائن ایم ایم پستول، موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جہانزیب عرف ماما نے 4 جنوری کو نیو کراچی سیکٹر فائیو ایل میں مزاحمت کے دوران 18 سالہ سعد جاوید کو قتل کیا تھا۔ مزید یہ کہ ہلاک ڈاکو کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں مجموعی طور پر 14 مقدمات درج تھے۔
دوسری جانب اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) کی پولیس پارٹی کا موچکو ٹینٹ کالونی میں مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
ایس ایچ او ایس آئی یو کے مطابق زخمی ملزم اسپتال منتقلی کے دوران راستے میں ہی دم توڑ گیا جس کی شناخت ذیشان کے نام سے ہوئی ہے۔
انسپکٹر کاشف برکاتی نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے۔