نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار و دیگر کی بریت کیخلاف اپیل پر سماعت ملتوی

ہائیکورٹ میں نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار و دیگر کی بریت کیخلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی

سندھ ہائیکورٹ نے نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار و دیگر کی بریت کیخلاف اپیل کنندہ کے وکیل کی عدم حاضری پر سماعت ملتوی کردی۔

ہائیکورٹ میں نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار و دیگر کی بریت کیخلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی۔

سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے وکیل عامر منسوب ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ مدعی کے انتقال کے بعد بیٹے نے اپیل دائر کی ہے۔ متاثرہ شخص یا ان کے قانونی وارث اپیل دائر کرسکتے ہیں۔

اپیل میں دیگر کو بھی فریق بنایا گیا ہے نوٹس صرف ہمیں جاری کیا گیا ہے۔ اپیل کی جزوی سماعت ہوچکی ہے متعلقہ بینچ کو ارسال کیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایڈمیشن نوٹس ہوچکے ہیں۔

روسٹر کے مطابق ہی بینچ اپیل کی سماعت کرے گا۔  عدالت نے اپیل کنندہ کے وکیل کی عدم حاضری پر سماعت 5 ہفتوں تک ملتوی کردی۔

اپیل مقتول نقیب اللہ کے بھائی عالم شیر کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ اپیل میں موقف اپنایا گیا تھا کہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے اہم شواہد نظر انداز کرکے راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان کو بری کیا تھا۔

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے 2023 میں عدم شواہد کی بناء پر راؤ انوار سمیت 18 ملزمان کو بری کردیا تھا۔

Load Next Story