فیفا ورلڈ کپ 2026 نے آغاز سے قبل ہی مقبولیت کے پچھلے تمام ریکارڈز توڑ دیے

فیفا نے اعلان کیا ہے کہ ٹورنامنٹ میں شریک ممالک کیلیے ہر میچ کے 60 ڈالر والے خصوصی ٹکٹ فراہم کیے جائیں گے

فیفا ورلڈ کپ 2026 نے آغاز سے قبل ہی نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے مقبولیت کے پچھلے تمام ریکارڈز توڑ دیے۔

عالمی خبررساں ادارے کے مطابق فیفا نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال فٹبال ورلڈ کپ کے لیے ٹکٹوں کی مانگ نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور اب تک 50 کروڑ سے زائد ٹکٹوں کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

عالمی فٹبال تنظیم کے مطابق میزبان ممالک امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کے علاوہ سب سے زیادہ درخواستیں جرمنی، انگلینڈ، برازیل، اسپین، پرتگال، ارجنٹینا اور کولمبیا میں مقیم شائقین کی جانب سے موصول ہوئیں۔

یہ اعداد و شمار ورلڈ کپ کی عالمی مقبولیت کو واضح کرتے ہیں۔

فیفا کی جانب سے بعض میچز کے لیے ٹکٹوں کی قیمت 8 ہزار 680 ڈالر تک رکھی گئی ہے، جس پر شائقین اور ماہرین کی جانب سے تنقید بھی سامنے آئی۔

تنقید کے بعد فیفا نے گزشتہ ماہ اعلان کیا کہ ٹورنامنٹ میں شریک 48 قومی فیڈریشنز کے لیے ہر میچ کے 60 ڈالر کے خصوصی ٹکٹ فراہم کیے جائیں گے، جنہیں وہ اپنی پالیسی کے مطابق ان شائقین میں تقسیم کریں گی جو ماضی میں اپنی ٹیم کے میچز دیکھنے اسٹیڈیم آئے تھے۔

11 سے 13 دسمبر تک جاری رہنے والی تیسرے مرحلے کی فروخت کے دوران سب سے زیادہ مانگ کولمبیا اور پرتگال کے درمیان 27 جون کو میامی گارڈنز میں ہونے والے میچ کی رہی۔

اس کے بعد میکسیکو بمقابلہ جنوبی کوریا، ورلڈ کپ فائنل، افتتاحی میچ اور ٹورنٹو میں ہونے والا ایک دوسرے مرحلے کا میچ نمایاں رہے۔

فیفا کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی درخواست دینے والوں کو 5 فروری سے پہلے کسی بھی صورت آگاہ نہیں کیا جائے گا جبکہ جن میچز کے لیے طلب زیادہ ہے وہاں قرعہ اندازی کے ذریعے ٹکٹ الاٹ کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں فیفا ورلڈ کپ 11 جون سے 19 جولائی تک کھیلا جائے گا جس میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

 فیفا ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کو 5کروڑ ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے گی۔

متعلقہ

Load Next Story