گل پلازہ آتشزدگی؛ صدر مملکت اور وزیراعظم کا جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار
فوٹو فائل
صدر مملکت اور وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں واقع گل پلازہ شاپنگ پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور بھاری مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے ہدایت کی ہے کہ سندھ حکومت اور متعلقہ ادارے متاثرہ افراد اور تاجروں کو فوری اور ہرممکن امداد فراہم کریں، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ لوگوں کے جان ومال کی حفاظت کے لئے تمام تر اقدامات کیے جائیں، متاثرہ تاجروں اور دیگر افراد کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے، ریسکیو آپریشن میں تمام متعلقہ ادارے مل جل کر کام کریں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر اعظم نے زخمیوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت اور انکی ی جلد از جلد صحتیابی کی دعا کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، تمام تر ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آتشزدگی کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کو ہدایت کی کہ آگ بجھانے اور ریسکیو آپریشن کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔
انہوں نے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آتشزدگی کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے زور دیا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں حفاظتی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے اور غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔