انڈر 19 ورلڈکپ: علی رضا کے 4 شکار، آئرلینڈ 187 پر ڈھیر
انڈر 19 ورلڈکپ کے بارہویں میچ میں پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ کرکے اسکاٹ لینڈ کو 187 رنز پر ڈھیر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ہرارے میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان فرحان یوسف نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
فاسٹ بولر علی رضا نے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں اڑا کر پاکستان کو بہترین آغاز فراہم کیا۔
بعد میں آنے والے اسکاٹش بلے باز بھی کھل کر رنز نہ بناسکے اور مقررہ 50 اوورز میں 187 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔
کپتان تھامس نائٹ 37 اور اولی جونز 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا نے 4، مومن قمر نے 3، عبدالسبحان نے 2 اور محمد صیام نے ایک وکٹ حاصل کی۔
آج کھیلے جانے والے دیگر میچز میں سری لنکا اور آئرلینڈ اور جنوبی افریقا اور تنزانیہ کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔
سری لنکا نے آئرلینڈ کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز بنائے۔ کپتان ویماتھ دنسارا 95 اور چمیکا ہیناتیگالا ناقابل شکست 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔
آئرلینڈ کی جانب سے اولیور ریلی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری جانب جنوبی افریقا نے تنزانیہ کے خلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے جیسن رولیس ناقابل شکست 125 اور کپتان محمد بلبلیہ 108 رنز بناکر نمایاں رہے۔
تنزانیہ کی جانب سے سمبا مباکی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔