کراچی: چیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن گوہر خٹک سمیت 24 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ملزمان کیخلاف غیر قانونی اسلحہ، اقدام قتل اور ریاستی اداروں کیخلاف نعرے بازی کے الزامات ہیں

کراچی:

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے غیر قانونی اسلحہ، اقدام قتل اور ریاستی اداروں کیخلاف نعرہ بازی کے مقدمے میں چیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن گوہر خٹک سمیت 24 افراد کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت کے روبرو غیر قانونی اسلحہ، اقدام قتل اور ریاستی اداروں کیخلاف نعرے بازی کے کیس کی سماعت ہوئی۔

شاہ فیصل پولیس نے تحریک انصاف کے رہنماء و چیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن گوہر خٹک سمیت 24 ملزمان کو پیش کیا۔ وکیل صفائی مہہ جبین ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ ملزمان سے برآمد اسلحہ لائسنس یافتہ ہے۔ ملزمان کا مقدمہ ختم کیا جائے۔

تفتیشی افسر نے ملزمان کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے ملزمان کو 21 جنوری تک پولیس کی تحویل میں دیدیا۔

دوران سماعت وکیل صفائی نے ملزمان کا مقدمہ ختم کرنے کی درخواست دائر کی۔ عدالت نے مقدمہ ختم کرنے کی درخواست پر پراسیکیوٹر سمیت دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔

Load Next Story