بابر اعظم اور اسٹیو اسمتھ میں تعلقات بدستور کشیدہ؟ کپتان نے واضح کردیا

یہ معاملہ ثقافتی فرق کی وجہ سے پیدا ہوا تھا، جسے بابر پوری طرح سمجھ نہیں پائے، کپتان سڈنی سکسرز

سڈنی سکسرز کے کپتان موئیسس ہینرکس نے بابر اعظم اور اسٹیو اسمتھ کے درمیان پیش آنے والے حالیہ واقعے کو غلط فہمی قرار دے دیا۔

پرتھ میں پرتھ اسکارچرز کے خلاف بی بی ایل کوالیفائر میچ کے دوران موئیسس ہینرکس نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اب معاملات مکمل طور پر ٹھیک ہو چکے ہیں۔

یہ واقعہ گزشتہ جمعہ کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے بی بی ایل میچ کے دوران پیش آیا، جب میچ کے دوران اسٹیو اسمتھ نے بابر کو سنگل لینے سے انکار کیا اور پاور پلے میں خود اسٹرائیک لیتے ہوئے ریکارڈ 32 رنز بنا ڈالے، جبکہ بابر اگلی ہی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

پویلین واپس جاتے ہوئے بابر اعظم نے غصے میں باؤنڈری کی رسی پر بیٹ مارا، جس پر کمنٹیٹر و سابق آسٹریلوی کرکٹر مارک وا نے کہا کہ یہ ’دیکھنا بلکل اچھا نہیں لگ رہا، آپ جو بھی محسوس کررہے ہیں وہ ظاہر نہ کریں‘۔

بعد ازاں بابر اعظم مبینہ طور پر ساتھی کھلاڑیوں سے الگ تھلگ نظر آئے اور میچ جیتنے کے باوجود سڈنی تھنڈرز کے کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا تھا۔

ہینرکس نے فاکس کرکٹ سے گفتگو میں بتایا کہ یہ معاملہ ثقافتی فرق کی وجہ سے پیدا ہوا تھا، جسے بابر پہلے پوری طرح سمجھ نہیں پائے تھے۔

ہینریکس کے مطابق بابر کو وضاحت دی گئی تو وہ مطمئن ہو گئے اور اب دونوں اسٹار کھلاڑیوں کے درمیان کوئی تلخی نہیں رہی۔

سکسرز کے کوچ گریگ شپراڈ بھی ابتداء میں بابر کی مایوسی پر فکرمند تھے کیونکہ بابر نے خود کو اس موقع پر نظر انداز محسوس کیا تھا۔

سابق آسٹریلوی کھلاڑی مائیک ہسی نے سکسرز کی مینجمنٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حساس معاملات کو سمجھداری سے حل کرنا ہی ٹیم کو بی بی ایل کی مضبوط ٹیم بناتا ہے۔

متعلقہ

Load Next Story