ایکسپورٹ ڈیولیپمنٹ فنڈ سے چاول کے برآمدکنندگان کی معاونت کا فیصلہ

چاول کی ایکسپورٹ میں مزید اضافہ ہوگا، ملک میں ایک تا ڈیڑھ ارب ڈالر زرمبادلہ کی آمد ممکن ہوگی، وزیر تجارت جام کمال

فوٹو: فائل

کراچی:

چاول کی برآمدات بڑھانے کے لیے وزارت تجارت کی جانب سے ایک بڑا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ایکسپورٹ ڈیولیپمنٹ فنڈ سے چاول کے برآمد کنندگان کی معاونت کی جائے گی۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کے استعمال سے ملک میں ایک تا ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کے زرمبادلہ کی آمدنی ممکن ہوسکے گی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ کے لحاظ سے پاکستانی چاول مہنگا ہونے سے مسائل کا سامان ہے، اس وقت بھارتی باسمتی چاول کی برآمدی قیمت 1 ہزار روپے جبکہ پاکستانی چاول کی قیمت 1250 روپے ہے جبکہ نان باسمتی کے چاول کے ریٹ میں 20 ڈالر کا فرق ہے۔

وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ حکومت اگر سپورٹ نہیں کرتی تو 3 ملین ٹن چاول ملک میں رہ جاتا جس کا سب سے زیادہ نقصان فارمر کو ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ فارمر اس ممکنہ نقصان کی وجہ سے اگلے سال چاول کے بجائے کسی اور فصل پر کام کرسکتا ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ چین، انڈونیشیا، فلپائن کے سفیروں سے بات ہوئی ہے، حکومت کوشش کررہی ہے ان مملک میں جی ٹو جی طرز پر چاول کو ایکسپورٹ کیا جائے، اگر چاول جی ٹو جی بنیاد پر ایکسپورٹ ہوگیا تو ای ڈی ایف فنڈ کی ضرورت نہیں ہوگی۔

Load Next Story