ٹرمپ نے چین کو بھی ’بورڈ آف پیس‘ میں شمولیت کی دعوت دیدی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کے تحت تشکیل دیئے گئے ’غزہ بورڈ آف پیس‘ میں مختلف ممالک کو شامل ہونے کی دعوت دی جا رہی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارتِ خارجہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ صدر ٹرمپ نے غزہ بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔
تاہم بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ چین نے غزہ بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کی اس پیشکش پر کیا فیصلہ کیا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے بتایا کہ امریکا سے تعلقات میں گزشتہ سال کے دوران کچھ اتار چڑھاؤ رہا لیکن مجموعی طور پر فعال اور مستحکم ماحول برقرار رہا۔
چین کی جانب سے غزہ بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کے بارے میں فوری طور پر کوئی مؤقف نہ دینے سے تاثر ابھرا ہے کہ وہ صلاح مشورہ کے لیے وقت چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ اب تک متحدہ عرب امارات اور ہنگری نے باضابطہ طور پر شمولیت کا اعلان کردیا ہے جب کہ اٹلی اور کینیڈا نے بھی ہامی بھری ہے البتہ تاحال اعلان نہیں کیا۔
امریکی صدر نے عالمی رہنماؤں اور ٹیکنوکریٹس پر مشتمل یہ بورڈ آف پیس غزہ میں امورِ مملکت چلانے کے غرض سے تشکیل دیا ہے۔
جس کا مقصد غزہ میں جنگ زدہ علاقوں کی تعمیرِ نو کی نگرانی کرنا ہے۔ جن میں انفرا اسٹریکچر، اسپتالوں اور اسکولوں کی بحالی، رہائشی عمارات کی تعمیر اور حکومتی اداروں کو منظم و مربوط کرنا شامل ہے۔
ٹرمپ نے اب تک روس اور چین کے صدور سمیت متعدد ممالک کے صدور کو اس بورڈ میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے لیکن ان کے زیادہ تر اتحادی اب بھی خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔