ٹی 20 ورلڈکپ؛ بنگلادیشی مؤقف کی حمایت میں آئی سی سی کو خط، پی سی بی کا اظہار لاعلمی

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے یہ خط آئی سی سی بورڈ کے دیگر اراکین کو بھی ارسال کیا ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلادیشی موقف کی حمایت میں آئی سی سی کو خط لکھے جانے کی خبروں سے لاعلمی ظاہر کردی۔

ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق آئی سی سی کو بنگلادیش کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے کے لیے بھارت نہ جانے سے متعلق لکھے گئے خط کے معاملے کا کوئی علم نہیں ہے۔

پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمیں بھی یہ میڈیا سے ہی معلوم ہوا ہےکہ ایسی کوئی بات ہوئی ہے۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلادیش کی شرکت سے متعلق حتمی فیصلے سے ایک روز قبل آئی سی سی کو خط لکھ کر بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ خطے میں موجود سیاسی کشیدگی کے پیشِ نظر بنگلادیش کا بھارت میں میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ قابلِ فہم ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے یہ خط آئی سی سی بورڈ کے دیگر اراکین کو بھی ارسال کیا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ آئی سی سی نے بدھ کو بورڈ اجلاس طلب کیا ہے جس میں بنگلادیش کی اس درخواست پر غور ہوگا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث بنگلادیش کے میچز سری لنکا منتقل کیے جائیں، جو بھارت کے ساتھ ایونٹ کا مشترکہ میزبان ہے۔

تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا پی سی بی کے خط کے بعد ہی یہ اجلاس بلایا گیا یا پہلے سے طے شدہ تھا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئی سی سی اب تک اپنے مؤقف پر قائم ہے اور شیڈول میں تبدیلی یا بنگلادیش کو سری لنکا میں کھیلنے کی اجازت دینے کے حق میں نہیں ہے۔

ادھر بنگلادیش حکومت کی حمایت سے بی سی بی نے بھارت سفر سے انکار کر رکھا ہے۔

دونوں فریقین کے درمیان متعدد ملاقاتیں ہو چکی ہیں، جن میں حالیہ ملاقات ڈھاکا میں ہوئی، مگر کسی پیش رفت کے بغیر 21 جنوری کو فیصلے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب بھارتی بورڈ نے آئی پی ایل 2026 کے لیے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو مستفیض الرحمان کو اسکواڈ سے نکالنے کی ہدایت دی۔

متعلقہ

Load Next Story