بھارتی فضائیہ کا طیارہ تالاب میں گر کر تباہ؛ 2 افسران سوار تھے، ویڈیو وائرل
بھارتی شہر الہٰ آباد میں انڈین ایئرفورس کا طیارہ تالاب برد
بھارتی شہر الہٰ آباد میں انڈین ایئرفورس کا ایک اور طیارہ خزان رسیدہ پتوں کی طرح جھولتے ہوئے تالاب برد ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے شہر پریاگ راج میں واقع کے پی کالج کے عقب میں پیش آیا۔
اس ایک انجن والے چھوٹے طیارے نے معمول کی تربیتی مشن کے لیے انڈین ایئر بیس سے پرواز بھری تھی۔
اس طیارے میں ایک سینیئر پائلٹ اپنے جونیئر زیر تربیت پائلٹ کو تربیتی پرواز کے لیے لے گئے تھے تاہم طیارہ واپس نہیں آیا۔
کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہونے پر سرچ آپریشن کا آغاز کیا گیا لیکن کوئی سراغ نہ مل سکا البتہ ایک پولیس اسٹیشن میں مقامی افراد نے طیارہ گرنے کی اطلاع دی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک چھوٹا طیارہ فضا میں جھولتے ہوئے تالاب میں گرا اور آدھا ڈوب گیا جب کہ اس میں کوئی شخص موجود نہیں ہے۔
جائے حادثہ پر پہنچنے والی ریسکیو ٹیم نے تصدیق کی کہ تالاب میں گرنے والا طیارہ وہی تھا جس کی تلاش کی جا رہی تھی۔
طیارے میں سوار دونوں پائلٹس نے خرابی کا معلوم ہونے پر دوران پرواز ہی طیارے سے چھلانگ لگائی اور پیراشوٹس کے ذریعے زمین پر اتر گئے۔
حادثے میں پائلٹس محفوظ رہے، انھیں معمولی چوٹیں آئی ہیں اور قریبی ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ تاحال حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔
بھارتی فضائیہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارہ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔
یاد رہے کہ بھارت میں ایسے حادثات معمول کی بات ہیں اور ایسی کسی انکوائری کمیٹی کی کبھی کوئی رپورٹ سامنے آئی اور نہ ایسے حادثات کا تدارک کیا گیا۔
Caught on camera: IAF’s two-seater microlite aircraft meets with accident in UP's Prayagraj, crew safe pic.twitter.com/gS3IyTxsvu
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی بھارت میں ایک نجی ایئرلائن کا چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہوا تھا۔ بھوبنیشور سے رورکیلا جانے والا ایک 9 نشستوں پر مشتمل نجی طیارہ رورکیلا سے تقریباً 10 کلومیٹر قبل ایمرجنسی لینڈنگ پر مجبور ہو گیا تھا۔