آیت اللہ خامنہ ای کو نشانہ بنایا تو اُن کی دنیا کو آگ لگا دیں گے؛ ایران
آیت اللہ خامنہ ای کی جانب بڑھنے والے ہاتھ کاٹ دیں گے
ایران نے ایک بار پھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو آیت اللہ خامنہ ای کو نشانہ بنانے کی دھمکی پر سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی مسلح افواج کے ترجمان جنرل ابوالفضل شکارچی نے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای کی حفاظت سے متعلق ایک سرکاری بیان جاری کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے خلاف کوئی بھی جارحانہ یا براہِ راست اقدام کے انتہائی سنگین اور دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔
ایرانی مسلح افواج کے ترجمان نے مزید کہا کہ اگر ہمارے رہبر معظم کی جانب کسی نے ہاتھ بڑھایا تو ہم وہ ہاتھ کاٹ دیں گے اور ان کی دنیا کو آگ لگا دیں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایران اپنی قیادت اور خودمختاری کے دفاع کے لیے کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کرے گا۔
دوسری جانب ایرانی صدر نے بھی خبردار کیا ہے کہ سپریم لیڈر پر کسی بھی قسم کا حملہ مکمل جنگ کا باعث بن سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں کسی نئی محاذ آرائی کی ذمہ داری صرف اور صرف امریکا پر عائد ہوگی اور ایران بری الذمہ ہوگا۔
یا رہے کہ ایران کا یہ سخت ردعمل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ انٹرویو میں آیت اللہ خامنہ ای پر تنقید کرتے ہوئے ایران میں نئی قیادت کی ضرورت پر بات کی تھی۔
ایران اور امریکا کے درمیان اس تازہ کشیدگی اس وقت شدت اختیار کرگئی جب ایران میں خراب معاشی حالات کے خلاف ملک گیر احتجاج جاری ہے۔
ایران ان پپرتشدد مظاہروں کے پیچھے امریکا کا ہاتھ سمجھتا ہے جب کی صدر ٹرمپ بھی دھمکی دے چکے ہیں اگر گرفتار مظاہرین کو پھانسی دی گئی تو وہ بڑا حملہ کردیں گے۔