لاہور میں شیر کا 8 سالہ بچی پر حملہ
فوٹو فائل
لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں واقع بھیکے وال کی کچی آبادی میں پالتو شیر نے 8 سالہ بچی پر حملہ کر کے اُسے زخمی کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بھیکے وال کی کچی آباد میں ہونے والے شیر کے حملے پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے سخت نوٹس لیا جس کے بعد اہلکار جائے وقوع پہنچے اور زخمی بچی کو اسپتال منتقل کردیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے پالتو شیرنی کے مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق وقوعہ بھیکے وال پنڈ میں پیش آیا، بلاول اور شجاعت پالتو شیرنی کو رکشا سے اتار رہے تھے، اس دوران وہ بھاگ گئی۔
ترجمان کے مطابق شیرنی کے حملے سے بچی کی ٹانگ اور کان زخمی ہوا جبکہ ملزمان شیرنی لے کر فرار ہوگئے جنہیں جلد گرفتار کیا جائے گا۔
بچی کی شناخت ماریہ کے نام سے ہوئی جس کی والدہ رابعہ نے بتایا کہ میری آٹھ سالہ بیٹی ماریہ گلی میں کھیل رہی تھی اور لائٹ گئی ہوئی تھی کہ اسی دوران دو سے تین افراد ایک شیرنی کو لے کر وہاں پر آئے۔
والدہ کے مطابق شیرنی نے میری بچی پر حملہ کردیا، میری بیٹی ماریہ کا کان شیرنی کے منہ میں تھا، شیرنی کے ساتھ افراد نے بڑی مشکل سے میری بچی کو شیرنی سے چھڑوایا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ملزمان کو گرفتار نہیں کیا تاہم وہ میرے شوہر خضر عباس کو اپنے ساتھ لے گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اعظم کھوکھر کو حراست میں لے کر تفتیش کی جا رہی ہے۔