کراچی میں ڈاکو بے لگام، ایک اور شہری ڈکیتی میں مزاحمت پر سرعام قتل، راہگیر زخمی

پولیس نے مختلف پہلوؤں کے پیش نظر واقعے کی تفتیش شروع کردی

کراچی:

شہر قائد میں ڈاکو بے خوف لوگوں کی جان لینے لگے۔ ڈکیتی میں مزاحمت پر ایک اور شہری کو قتل کردیا گیا جب کہ واقعے میں ایک راہ گیر زخمی بھی ہوا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خواجہ  اجمیر نگری کے علاقے میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص جاں بحق اور  راہ گیر زخمی ہوگیا۔خواجہ اجمیر نگری تھانے کے ہیڈ محرر معراج نے اس حوالے سے بتایا کہ نارتھ کراچی میں فیاضی اسپتال کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے موٹر سائیکل پر سوار نوجوان کو قتل کردیا  جب کہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہ گیر زخمی بھی ہوا ۔

مقتول کی لاش اور زخمی کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں مقتول کی شناخت 25 سالہ  ایم عسکری ولد امجد اور زخمی کی 35 سالہ امجد ولد اجمل سے ہوئی۔

ہیڈ محرر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی  مزاحمت کا لگ رہا ہے۔ نوجوان عسکری گلشن اقبال میں واقع اپنے  آفس سے موٹر سائیکل پر گھر خواجہ اجمیر نگری کی طرف آرہاتھا کہ اس کا تعاقب کرنے والے موٹر سائیکل پر سوار 2 نامعلوم ملزمان نے اس کو فیاضی اسپتال کے قریب روکا، جہاں اس نے مزاحمت کی، جس پر ملزمان نےنوجوان عسکری پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے ۔

فائرنگ سے عسکری نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا جب کہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہ گیر زخمی ہوا جو قریبی ہوٹل پر بیٹھا ہوا تھا۔ مقتول عسکری گرافک ڈیزائنر  اور فائیو سی ون خواجہ اجمیر نگری کا رہائشی تھا۔

پولیس کے مطابق ملزمان مقتول سے کوئی سامان لے کر نہیں گئے ہیں۔پولیس ممکنہ طور پر  ڈکیتی ، ذاتی دشمنی یا ٹارگٹ کلنگ سمیت تمام پہلوؤں پر مزید تفتیش کررہی ہے۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی چیک کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ

Load Next Story