بدنام زمانہ سابق اولمپیئن گرفتار، منشیات اسمگلنگ کے سنگین الزامات

اولمپیئن ایف بی آئی کی دس انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھا جس کی گرفتاری پر ڈیڑھ کروڑ ڈالر کا انعام تھا

کینیڈا کے سابق اولمپک اسنو بورڈر ریان جیمز ویڈنگ کو کئی برسوں تک مفرور رہنے کے بعد میکسیکو میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

امریکی حکام نے جمعرات کو اس گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 44 سالہ ویڈنگ پر میکسیکو کے بدنام زمانہ سینالوا کارٹیل سے منسلک ایک بڑے اور پرتشدد بین الاقوامی منشیات نیٹ ورک کی قیادت کا الزام ہے۔

ایف بی آئی کے مطابق ویڈنگ کولمبیا سے میکسیکو اور پھر جنوبی کیلیفورنیا کے راستے سینکڑوں کلوگرام کوکین منتقل کرواتا تھا، جو بعد ازاں امریکا اور کینیڈا میں تقسیم کی جاتی تھی۔

حکام کا ماننا ہے کہ وہ گزشتہ دس سال سے زائد عرصے سے میکسیکو میں مقیم تھا اور وہیں سے اس مجرمانہ نیٹ ورک کو کنٹرول کر رہا تھا۔

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ویڈنگ جدید دور کے خطرناک ترین منشیات اسمگلرز میں سے ایک ہے، جس کی تنظیم پر سنگین تشدد، حتیٰ کہ گواہوں کے ٹارگٹ کلنگ جیسے الزامات ہیں۔

ایک وفاقی گواہ، جو ویڈنگ کے خلاف عدالت میں بیان دینے والا تھا، مبینہ طور پر اس کے مقرر کردہ انعام کے بعد ایک ریسٹورنٹ میں قتل کر دیا گیا تھا۔

ویڈنگ کو مارچ میں ایف بی آئی کی دس انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا اور اس کی گرفتاری پر ڈیڑھ کروڑ ڈالر کا انعام رکھا گیا تھا۔

اب میکسیکن حکام کے تعاون سے اسے گرفتار کر کے امریکا منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اسے پیر کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

استغاثہ کے مطابق وہ اس سے قبل 2009 میں کوکین کی اسمگلنگ کی سازش کے جرم میں گرفتار ہو کر تقریباً چار سال قید کاٹ چکا ہے۔

تفتیش کاروں کے اندازے کے مطابق اس نیٹ ورک نے صرف جنوبی کیلیفورنیا کے ذریعے 60 میٹرک ٹن کوکین اسمگل کی۔

اب تک 36 افراد گرفتار اور 19 پر امریکی محکمہ خزانہ پابندیاں عائد کر چکا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔

Load Next Story