بنگلادیش کیساتھ زیادتی ہوئی، ہم وہی کریں گے جو حکومت کہے گی، چیئرمین پی سی بی

آئی سی سی کے باضابطہ فیصلے کا انتظار ہے، ہمارے پاس بہت سے پلان ہیں، محسن نقوی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کا آئی سی سی کی جانب سے بنگلادیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر کرنے پر رد عمل سامنے آگیا۔

آئی سی سی کے فیصلے کے بعد لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بنگلادیش بڑا اسٹیک ہولڈر ہے، اس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی اجلاس میں بھی یہی کہا تھا کہ دہرا معیار نہیں ہونا چاہیے۔ آئی سی سی کے باضابطہ فیصلے کا انتظار ہے، ہمارے پاس بہت سے پلان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ کے حوالے سے حکومت پاکستان جو فیصلہ کرے گی ہم وہ تسلیم کریں گے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم آئی سی سی سے زیادہ حکومت پاکستان کے فیصلے کے پابند ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی وطن واپسی کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آئی سی سی نے چند روز قبل بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو 24 گھنٹوں کی مہلت دی تھی، تاہم مقررہ وقت میں معاملات حل نہ ہو سکے اور بالآخر آئی سی سی نے حتمی قدم اٹھا لیا۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو نے ہفتہ کی صبح آئی سی سی بورڈ کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ بنگلادیش کے مطالبات آئی سی سی پالیسی کے مطابق نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بنگلادیش آئی سی سی بورڈ کے فیصلے پر عمل درآمد میں ناکام رہا، اسی بنیاد پر اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ خط بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کو بھی ارسال کیا گیا، جو آئی سی سی بورڈ کے رکن ہیں۔

ساتھ ہی آئی سی سی کی جانب سے کرکٹ اسکاٹ لینڈ کو بھی باضابطہ دعوت نامہ ارسال کیا گیا ہے تاہم کرکٹ اسکاٹ لینڈ کی چیف ایگزیکٹو کا فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکاٹ لینڈ کو یہ موقع ماضی کے آئی سی سی ایونٹس میں کارکردگی اور موجودہ عالمی درجہ بندی (14ویں نمبر) کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔

2024 کے ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ گروپ بی میں تیسری پوزیشن پر رہا تھا، جبکہ 2021 میں اسکاٹ لیںڈ نے بنگلادیش کو شکست دے کر سب کو حیران کردیا تھا۔

Load Next Story