منوڑہ کے قریب سمندر میں کشتی حادثے کے بعد لاپتہ ہونے والے 4 ماہی گیروں میں سے 1 کی لاش برآمد

سمندر سے نکالی گئی لاش کی شناخت 30 سالہ ہارون کے نام سے ہوئی، باقی تین کیلیے سرچ آپریشن اتوار کی صبح شروع ہوگا

شہر قائد میں منوڑہ کے قریب سمندر میں بحری جہاز سے ٹکرا کر الٹنے والی کشتی کے لاپتہ 4 ماہی گیروں میں سے ایک کی لاش برآمد ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز منوڑہ کے قریب سمندر میں بحری جہاز سے تصادم کا شکار ہونے والی کشتی میں 11 ماہی گیر سوار تھے جن میں سے 7 کو بچا لیا گیا تھا جبکہ چار لاپتہ تھے۔

ایدھی کے رضاکاروں نے ہفتے کو ریسکیو آپریشن کے دوران ایک ماہی گیر کی لاش برآمد کی جبکہ تین کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق سمندر سے نکالی گئی لاش کی شناخت 30 سالہ ہارون کے نام سے کی گئی جسے ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ ہونے والے دیگر 3 افراد کی تلاش کا آپریشن ہفتے کو رات ہونے کی وجہ سے وقتی طور پر روک دیا گیا ہے جو آج بروز اتوار کی صبح دوبارہ شروع کیا جائیگا۔

واضح رہے کہ الٹنے والی کشتی میں مجموعی طور پر 11 ماہی گیر سوار تھے جس میں سے 7 افراد کو بچالیا گیا تھا تاہم 4 افراد سمندر میں لاپتہ ہوگئے گئے ۔

متعلقہ

Load Next Story