سردی کی شدت؛ سندھ میں اسکول کے اوقات کار میں تبدیلی کے فیصلے میں توسیع
محمکہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے سردی کی شدت کے سبب اسکول صبح 9 بجے شروع کرنے کے فیصلے میں توسیع کردی، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ زاہد علی عباسی نے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق اسکول 4 فروری تک صبح 9 بجے کھلیں گے، فیصلے کا اطلاق سرکاری و نجی اسکولز پر یکساں ہوگا۔
قبل ازیں 10 جنوری کو جاری کردہ ایک نوٹی فکیشن کے مطابق اوقات کار کی یہ تبدیلی 26 جنوری تک کی گئی تھی جس میں اب توسیع کی گئی ہے۔
دریں اثناء چئیرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن حیدر علی نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موسم سے تحفظ اور تعلیمی عمل کا تسلسل وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی دانشمندانہ حکمت عملی ہے تاہم انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسٹیرنگ کمیٹی یا اس کی سب کمیٹی کا اجلاس فوری بلا کر 2026 کا تعلیمی کیلنڈر طے کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت ہشتم تک کے امتحانات، بورڈز ایگزامینیشنز، ان کے نتائج کا شیڈول، نئے داخلے، تعلیمی سال کے آغاز اور تعطیلات سمیت دیگر اہم معاملات کو حتمی شکل دینا فوری ضرورت ہے جبکہ یکساں امتحانی نصاب اور پرچوں کی اسپیسیفیکیشن کا جلدسےجلد اجراء بورڈز، اساتذہ اور طالبعلموں کی تیاری کے لئے ضروری ہے۔