کراچی؛ 5ملزمان کی گھر میں ڈکیتی، کروڑوں مالیت کا سونا لوٹ کر فرار
کورنگی پی این ٹی کالونی میں گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مسلح ملزمان اہلخانہ کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنانے کے بعد سوا کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا، نقدی، موبائل فون، بچوں کے کھلونے، کپڑے، جوتے اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پیر کی علی الصبح کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے پی این ٹی کالونی میں گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مسلح ملزمان اہلخانہ کو اسلحے کے روز پر یرغمال بنانے کے بعد 25 تولا سونا، 3 لاکھ 60ہزار نقدی، 3 موبائل فون، بچوں کے کھلونے، کپڑے، جوتے اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے/
واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے جائے واردات سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کر لیا، پولیس نے شواہد اکٹھا کرکے واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔
پولیس حکام کے مطابق گھر کے مالک کے کا دعویٰ ہے کہ مسلح ملزمان 25 تولہ سونا، 3 لاکھ 60ہزار نقدی، 3 موبائل فون، بچوں کے کھلونے، کپڑے جوتے اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ فیملی مختلف فیکٹریوں سے سامان خرید کر دکانداروں کو فروخت کرنے کا کام کرتے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جس گھر میں ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے وہاں سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہیں ہیں تاہم پولیس پی این ٹی کالونی میں نصب دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا جا سکے۔