صدر مملکت آصف علی زرداری 4 روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے
صدرِ مملکت آصف علی زرداری متحدہ عرب امارات کے چار روزہ سرکاری دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق دورے کے دوران صدر زرداری کی اماراتی قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری پر بات چیت کی جائے گی۔
ابوظہبی کے زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے صدارتی فلائٹ ٹرمنل پر متحدہ عرب امارات کے وزیرِ انصاف عبد اللہ بن سلطان بن عواد النعیمی نے صدرِ مملکت کا استقبال کیا۔
اس موقع پر خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی صدرِ مملکت کے ہمراہ تھے جبکہ سفیرِ پاکستان شفقت علی خان بھی استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
ملاقاتوں میں تجارت، اقتصادی شراکت داری، دفاع، سلامتی اور عوامی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
صدرِ مملکت کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔