کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ برقرار، مہنگائی 5 سے 6 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے، وزارت خزانہ

وزارت خزانہ کی آؤٹ لک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی میں معاشی استحکام برقرار ہے

فوٹو: فائل

اسلام آباد:

وفاقی وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ برقرار ہے اور رواں ماہ مہنگائی 5 سے 6 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

وزارت خزانہ کی آؤٹ لک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی میں معاشی استحکام برقرار ہے اور موجودہ مالی سال 26-2025 میں ملکی معیشت کی رفتار برقرار رہنے کی توقع ہے۔


رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بہتر مالی نظم و ضبط سے معاشی استحکام کو سہارا ملا ہے، رواں ماہ مہنگائی 5 سے 6 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ دسمبر میں مہنگائی 5.6 فیصد اور نومبر میں 6.1 فیصد تھی۔


وفاقی وزارت خزانہ نے بتایا کہ مہنگائی قابو میں ہے اور ایل ایس ایم کی نمو میں واضح بہتری آئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط اور روپے کی قدر بھی مستحکم ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق مالی نظم و ضبط کے باعث مالی اور پرائمری سرپلس حاصل ہوا جبکہ ایل ایس ایم میں تیزی اور آئندہ مہینوں میں بہتر نمو کی امید ہے۔

اسی طرح ترسیلات زر مضبوط ہوا اور بیرونی کھاتوں کو سہارا ملا ہے، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی آئی ہے، جس کی بدولت عالمی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹس میں شامل ہے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے اکنامک گورننس ریفارمز کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اصلاحات کا مقصد ادارہ جاتی استحکام اور پائیدار ترقی ہے۔

اکنامک آؤٹ لک رپورٹ میں بڑی صنعتوں اور دیگر معاشی اشاریوں کی کارکردگی حوصلہ افزا قرار دی گئی ہے اور وزارت خزانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ دانش مندانہ پالیسیوں اور اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، ترسیلات زر اور آئی ٹی و سروسز برآمدات میں اضافہ ہوا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ مہنگائی میں کمی کے باعث مانیٹری پالیسی میں نرمی آئی تاہم کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ برقرار ہے مگر دباؤ محدود رہنے کی توقع ہے۔
 

Load Next Story