کراچی کو وفاق کے حوالے کرو کے بینرز لگانے پر پولیس متحرک، کارکنوں کی گرفتاری پر ایم کیو ایم کا احتجاج

حراست میں لیے گئے دونوں کارکنان کو پراسرار طور پر غائب کر دیا گیا، ایم کیو ایم کا دعویٰ

کراچی:

کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کے مطالبے پر لگائے گئے بینرز کے خلاف پولیس کارروائیوں پر ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان سراپا احتجاج بن گئے۔

گلشن اقبال کے علاقے مسکن چورنگی پر عوام اور ایم کیو ایم کے کارکنان ’’کراچی کو وفاق کے حوالے کرو‘‘ کے بینرز لگا رہے تھے کہ اسی دوران گلشن اقبال پولیس کی دو موبائلوں میں سوار باوردی اہلکاروں نے بینرز اتار دیے اور ایم کیو ایم کے دو کارکنان طارق اور عمیر کو مبینہ طور پر تشدد کرتے ہوئے اپنے ہمراہ لے گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی حق پرست رکنِ صوبائی اسمبلی فرحان انصاری، جوائنٹ ٹاؤن آرگنائزر عادل خان اور دیگر ذمہ داران و کارکنان گلشن اقبال تھانے پہنچ گئے۔

ایم پی اے فرحان انصاری نے گلشن تھانے میں سندھ پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا جبکہ گلشن اقبال کے بعد شاہ فیصل کے علاقے میں بھی ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان شاہ فیصل تھانے کے باہر احتجاج کرتے نظر آئے۔

ایم کیو ایم رہنماؤں نے پولیس کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار کارکنان کو فوری منظرِ عام پر لایا جائے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

متعلقہ

Load Next Story