تعلیم، توانائی سمیت دیگر شعبوں کیلئے 66 ارب روپے فنڈز کی منظوری

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ کی زیرصدارت ہوا، جس میں فنڈز کی منظوری دی گئی

فوٹو: فائل

اسلام آباد:

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے خوراک، توانائی، صحت اور تعلیم کے شعبوں کے لیے 66 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ کی زیرصدارت ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاسکو کے 5 لاکھ میٹرک ٹن ذخائر نیلام کیے جائیں گے تاکہ اسٹوریج اخراجات میں کمی آئے اور گندم کی قیمتوں میں استحکام رہے۔

اجلاس میں حکومت پنجاب کو  آٹے کی دستیابی اور قیمتوں کے استحکام کے لیے 3 لاکھ میٹرک ٹن پاسکو گندم فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

ای سی سی نے پاکستان پوسٹ آفس کے ذمے یوٹیلیٹی کمپنیوں کے واجبات کی ادائیگی کے لیے 10 ارب 98 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کرلی۔

بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن کو 29 ارب 66 کروڑ 30 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔

ای سی سی نے درآمدی یوریا پر سبسڈی وفاق اور صوبوں کے درمیان ففٹی ففٹی کے تناسب سے تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا اور اس مقصد کے لیے 23 ارب 42 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، جن میں سے 15 ارب روپے وفاقی حکومت جاری کرے گی۔

وزارت ہاؤسنگ کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے ایک ارب 90 کروڑ روپے اور کیڈٹ کالج حسن ابدال کے لیے 15 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔

اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ضبط کیے گئے سولر پینلز گلگت بلتستان حکومت کو فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

Load Next Story