وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم میں سندھ کے طلبہ کا انتظار ختم
وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم سندھ پہنچ گئی ہے اور جمعرات کو کراچی سے جامعات کے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کا آغاز ہونے جارہا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اعلی تعلیمی کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سندھ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کے آغاز کے لیے این ای ڈی یونیورسٹی کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں مجموعی طور پر مرحلہ وار 1436 لیپ ٹاپ تقسیم کیے جانے ہیں جس میں انڈر گریجویٹ کے ساتھ ساتھ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی طلبہ کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ آئندہ ماہ سے لیپ ٹاپ کی تقسیم کراچی سمیت سندھ کی دیگر سرکاری جامعات میں بھی شروع ہونے کا امکان ہے۔
جمعرات کو وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی این ای ڈی میں منعقد ہونے والی لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب میں شریک ہوں گے۔
این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل کے مطابق "جمعرات کو 32 طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے ان طلبہ کا تعلق انڈر گریجویٹ پروگرام سے ہے۔
ڈاکٹر محمد طفیل کا کہنا تھا کہ این ای ڈی یونیورسٹی لیپ ٹاپ تقسیم کے حوالے سے فیز 4 میں سندھ کی پہلی یونیورسٹی ہے جہاں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جارہے ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم 4 کے تحت لیپ ٹاپ کی تقسیم اکتوبر کے آخر سے شروع ہوئی تھی جب وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے ایک تقریب میں اسکیم کا افتتاح کیا تھا تاہم اس اسکیم کو کراچی پہنچتے پہنچتے 3 ماہ کا عرصہ لگ گیا جبکہ طلبہ سے اس سلسلے میں درخواستیں 2025ء کے وسط میں طلب کی گئی تھیں۔
اس اسکیم کے تحت طلبہ میں 1 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے اور ایچ ای سی ذرائع کے مطابق سندھ میں 16 ہزار سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم ہونے ہیں۔