سہیل آفریدی نے عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر آج رات فیکٹری ناکے پر دھرنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ عمران خان کی خرابی صحت کو چھپانا طبی دہشت گردی ہے، ہم رات یہی گزاریں گے، اگر ملاقات نہ ہوئی تو صبح اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے لیڈر کو ہفتے کی رات جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، سوال یہ ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کی حالت یہاں تک کیوں پہنچی کہ انہیں اسپتال لے جانا پڑا؟ بانی کی بیماری کو کیوں چھپایا گیا؟ بانی کی صحت کے بارے میں ان کے اہل خانہ کو کیوں نہیں بتایا گیا؟ حالات اگر اتنے سنگین تھے تو بانی کے ذاتی معالج کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا؟ ہفتے سے لے کر آج تک اس بات کو کیوں چھپایا گیا اس کے پیچھے کیا مقاصد ہیں؟
انہوں ںے کہا کہ بانی کی زندگی کے ساتھ مذاق کیا گیا یے، بانی کی زندگی کے ساتھ مذاق یہ قوم برداشت نہیں کرے گی، ضروری ہے کہ حالات کو مزید سنگینی سے بچانے کے لیے عمران خان کے اہل خانہ، پارٹی اور وکلا کی ملاقات کرائی جائے، عمران خان کو ناحق قید میں رکھا گیا، بانی پر ایک قاتلانہ حملہ ہوچکا ہے عمران خان کی خرابی صحت کو چھپانا میڈیکل ٹیررازم ہے، ہر انسان کا بنیادی حق ہے وہ اپنے ذاتی معالج سے علاج کرائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو بھگوڑا لندن بھاگ گیا تھا جس کے جعلی طریقے سے پلیٹ لیٹس گرے تھے اس کے لیے پوری دنیا سر پر اٹھائی گئی،میڈیا کو عمران خان کی صحت پر آواز اٹھانی چاہیے، میں بانی کی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہوں، بانی کی صحت کے حوالے سے پوری قوم غصے میں ہے، جس طرح ایک تصدیق شدہ چور کے لیے آواز اٹھائی گئی اسی طرح بانی کے حوالے سے آواز اٹھائی جائے۔
سہیل آفریدی نے عمران خان کو جیل سے باہر لانے اور واپس سے متعلق فیکٹری ناکے پر موجود ایس ایچ او سے کہا کہ یہ جو آپ لوگ چوری چوری چپکے چپکے قوم کے لیڈر کو باہر لے کر جاتے ہیں، کسی کو پتا بھی نہیں چلتا اس چوری کی اب کیا پوزیشن ہے؟
آج ملاقات کے لیے چھوڑیں گے یا نہیں؟ ہم آئے ہیں ہمارے نام ہیں، حالات تشویش ناک ہیں اور مزید ہوتے جا رہے ہیں، آپ اپنے بڑوں سے بات کریں اگر آج ملاقات نہیں ہوئی تو حالات خراب ہوں گے اور اس کے ذمہ دار یہ خود ہوں گے، یہی پیغام ہے آپ پہنچا دیں۔
عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر راولپنڈی فیکٹری ناکے کے قریب ڈھابے پر سہیل آفریدی نے رہنماؤں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کے بعد سلمان اکرم راجہ نے اجلاس کے فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کیا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بار بار کہنے، عدالتی فیصلوں کے باوجود عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی گئی، یہ بات ثابت ہے کہ فراڈ حکومت نے پانچ دن تک جھوٹ بولا، بانی کو ہفتہ کی رات اسپتال لے جایا گیا لیکن ان کی فیملی کو اطلاع نہیں دی گئی، ان کی فیملی کو اندھیرے میں رکھا گیا اور وزراء مسلسل جھوٹ بولتے رہے، بانی کا آپریشن ہوا، ٹیکے لگائے گئے، ہم اس حوالے سے انتہائی تشویش کا شکار ہیں، جب تک بانی کی فیملی اور ان کے ذاتی معالج انہیں دیکھ نہ لیں ہم ان کی کسی بات پر یقین نہیں کر سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی اس قوم کے لیڈر ہیں جو ان کے پیچھے کھڑی ہے، بانی کو کال کوٹھڑی میں ڈال کر قوم، فیملی اور معالجین سے جدا کر دینا کسی صورت قابل قبول نہیں، ہم پوری رات یہاں دھرنا دیں گے، پورے پاکستان کے پارلیمینٹرینز کو پکار رہے ہیں وہ سب یہاں آئیں اور ہمارا ساتھ دیں، کل صبح تک فیملی، معالجین کی ملاقات نہ کروائی گئی، پھر ہم اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پھر ہم عوام کو پکاریں گے، یہ نہیں ہوسکتا کہ ظلم جاری رہے اور ہم خاموش رہیں، ہم پُرامن اور قانون پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں ہمیں طیش مت دلاؤ، ہم پرامن رہیں گے اپنا حق مانگتے رہیں گے۔
سہیل آفریدی کا آج رات فیکٹری ناکے پر دھرنے کا اعلان
دریں اثنا عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر وزیراعلی کے پی سہیل آفریدی نے آج رات فیکٹری ناکے پر دھرنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ ہم رات یہی گزاریں گے، اگر بانی سے ملاقات کی اجازت کی نہیں ملتی تو ہم صبح اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم الرٹ رہے، ہم آج رات یہیں گزاریں گے، ہمارے تمام ایم پی ایز ایم این ایز پہنچ رہے ہیں، ہمارے لیڈر کا معاملہ ہے ہم معاملے کو ایسے نہیں جانے دیں گے، حالات کو زبردستی خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، یہ ذمہ داری حکومت پر ہی آئے گی، ہم چاہتے ہیں احسن طریقے سے ان کی بہنوں اور ذاتی معالج کی ملاقات کرائی جائے۔
دھرنے کے اعلان کے بعد پی ٹی آئی رہنما فیکٹری ناکے کے قریب خالی پلاٹ میں بیٹھ گئے۔پی ٹی آئی رہنماؤں نے خالی پلاٹ میں آگ جلا لی۔ راولپنڈی فیکٹری ناکے پر صرف پولیس اہلکار موجود ہیں گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہے۔
عمران خان کے معالجین کی اڈیالہ آمد کا امکان
ذرائع کا کہنا ہےکہ بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم اور ڈاکٹر خرم مرزا کچھ دیر میں اڈیالہ جیل پہنچ جائیں گے، بانی پی ٹی آئی کے ذاتی ڈاکٹروں کی ملاقات ہوگی یا نہیں فیصلہ تاحال نہیں ہوسکا۔
سلمان اکرم راجا نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹر عاصم اور ڈاکٹر خرم مرزا اڈیالہ جیل پہنچ رہے ہیں۔
میڈیا سے گفت گو میں انہوں ںے کہا کہ ہمارے کچھ دوست پارٹی ممبران کوشش کررہے ہیں کسی کی ملاقات ہو، میں یہ نہیں کہہ سکتا کون بات چیت کررہا ہے، ہم چاہتے ہیں بانی کے ذاتی ڈاکٹرز کو ملاقات کی اجازت دی جائے، ڈاکٹر عاصم اور ڈاکٹر خرم مرزا اڈیالہ جیل آرہے ہیں ڈاکٹروں کو اپنے طور پر بلایا ہے کہ اگر اجازت مل جائے تو وہ فوری بانی سے ملاقات کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کو اگر ملاقات کرنے دی گئی تو یہ قابل اطمینان بات ہوگی، میں کوئی خوش خبری نہیں دے سکتا، ملاقات نہیں ہوئی تو ہم بیٹھے رہیں گے، ڈاکٹرز کی ملاقات کرائی گئی تو بات آگے بڑھ سکتی ہے، انسانیت کا تقاضا ہے ڈاکٹرز کو ملنے دیا جائے۔