پاکستان کی نیشنل باڈی بلڈنگ چیمپین شپ کا انعقاد 13 مئی سے اسلام آباد میں ہوگا
کیپیٹل زون باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے صدر اور پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے نائب صدر خرم سعید کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نیشنل باڈی بلڈنگ چیمپین شپ مسٹر پاکستان 2025–2026 کا انعقاد 13 مئی کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کمپلیکس، جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں کیا جائے گا، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعظم کے مشیر رانا مشہود علی خان مہمان خصوصی ہوں گے۔
ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف مہمان خصوصی ہوں گے، انہوں نے کہاکہ تاریخی ایونٹ کے انعقاد پر فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری سہیل انور اور ڈاکٹر نبیل محمد فیاض الیاس نے اہم کردار ادا کیا ہے، کپیٹل زون کی ٹیم کی تشکیل کے حوالے سے تمام باڈی بلڈنگ ایتھلیٹس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ کیپیٹل زون باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے نائب صدر مصباح الدین سے 10 فروری تک رابطہ کر کے اپنی رجسٹریشن مکمل کر لیں۔
ٹیم کی سلیکشن کا باقاعدہ انعقاد 10 فروری کو مصباح الدین کے بی آر ایس جم، ویسٹرچ، راولپنڈی میں کیا جائے گا، منتخب ہونے والی ٹیم پاکستان نیشنل باڈی بلڈنگ چیمپین شپ میں مسٹر پاکستان کے مقابلے میں کیپیٹل زون کی نمائندگی کرے گی۔ اس سلیکشن میں راولپنڈی، اسلام آباد، چکوال، گوجر خان، اٹک، ایبٹ آباد، واہ، ٹیکسلا اور میرپور سمیت کیپیٹل زون سے تعلق رکھنے والے تمام اہل ایتھلیٹس شرکت کے مجاز ہوں گے۔
تمام کھلاڑی دس فروری سے قبل جناب مصباح الدین سے رابطہ کر کے اپنی رجسٹریشن یقینی بنائیں اور 10 فروری کو فائنل سلیکشن کے لیے بی آر ایس جم، ویسٹرچ روڈ، راولپنڈی میں بروقت اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔