صدر موبائل مارکیٹ کی عمارت میں ساتویں فلور پر آتشزدگی
صدر میں واقع النجیبی موبائل مارکیٹ کی عمارت کے ساتویں فلور پر پارکنگ ایریا میں کھڑی گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی ، آتشزدگی کے نتیجے میں 3 گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں ، اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا ، وزیر اعلیٰ سندھ نے آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کرلی ۔خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق صدر میں قائم النجیبی موبائل مارکیٹ کی عمارت کے ساتویں فلور پر آگ بھڑک اٹھی جس کے شعلے دور سے دکھائی دے رہے تھے ، آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور کے ایم سی فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا ، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی 7 بجکر 40 منٹ پر 3 فائر ٹینڈز ، باؤزر اور اسنار کل کو روانہ کر دیا گیا جس نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صدر میں واقع موبائل مارکیٹ کی عمارت کے اوپری منزل پر آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ انھوں نے ہدایت دی کہ متاثرہ عمارتوں میں فوری ریسکیو اور امدادی کارروائی کی جائے اور آتشزدگی کے اسباب اور ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا ، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق بروقت اطلاع پر بروقت ایکشن لیا گیا ، آگ عمارت کے ساتویں فلور پر پارکنگ ایریا میں کھڑی گاڑیوں میں لگی تھی جس پر فائر فائیٹرز نے ایک گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد قابو پاتے ہوئے کولنگ کا عمل شروع کر دیا ، جبکہ آتشزدگی کے دوران 70 سے زائد افراد کو ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر پہنچایا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ آتشزدگی کے باعث پارکنگ ایریا میں کھڑی ہوئی 3 گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں شبہ ہے کہ آگ کسی گاڑی میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی جس نے دیگر گاڑیوں کو بھی لپٹ میں لے لیا۔ تاہم، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
صدر موبائل مارکیٹ کی اوپری منزل پر لگنے والی آگ کی اطلاع ملنے پر سی ای او واٹر کارپوریشن کی ہدایت پر نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور فوری طور پر واٹر ٹینکرز کی مدد سے پانی جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق آگ لگنے کے بعد بمبینو چوک جانب گلزار چوک آغا خامن سوئم روڈ آنے اور جانے والے دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند کر دیئے گئے جبکہ ٹریفک کو متبادل راستے بمبینو چوک سے گرامر اسکول کی طرف اور گلزار چوک سے ایمپریس مارکیٹ کی طرف بھیج دیا گیا ۔
آگ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو بھی موقع پر پہنچ گئے اور اس دوران انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آگ عمارت کی ساتویں منزل پر لگی تھی جو کہ پارکنگ ایریا ہے جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا معائنہ کیا جبکہ میئر کراچی نے اسنارکل پر چڑھ کر بجھائی جانے والی آگ کا جائزہ بھی لیا۔
دریں اثنا صدر میں عمارت کی ساتویں منزل پر لگنے والی آگ کے حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے واقعے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اور فائر بریگیڈ ادارے فوری طور پر آگ پر قابو پائیں ، عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہونا چاہیے ، دعا ہے کہ کوئی جانی نقصان نہ ہو اور آگ پر جلد قابو پا لیا جائے ۔
آتشزدگی کے دوران دھواں بھر جانے سے 2 افراد کی حالت غیر ہوگئی جنھیں ریسکیو 1122 کی موقع پر موجود ایمبولینس میں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی النجیبی بلڈنگ میں آتشزدگی پر قابو پانے پر ریسکیو ورکرز کو شاباش دی ہے۔
انھوں نے کہا کہ حادثات و واقعات میں جان و املاک کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے جاں فشانی سے کام کریں ایسے واقعات و حادثات کی اطلاعات پر کراؤڈ مینجمنٹ کو مزید بہتر کیا جائے اور آئندہ ممکنہ حادثات کے پیش نظر اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔