پانچویں وہیل چیئر قائداعظم ٹرافی کا آغاز 11 فروری کو ہوگا
فوٹو: وہیل چیئر کرکٹ کونسل
پانچویں وہیل چیئر قائداعظم ٹرافی 2026 کا آغاز 11 فروری کو فیصل آباد میں ہوگا، گلگت بلتستان کی ٹیم ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔
میڈیا منیجر پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کونسل کے زیر انتظام ملک کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ایونٹ میں 6 ٹیمیں شرکت کریں گی، جن میں سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا (کے پی)، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ٹی 20 فارمیٹ پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں ملک بھر سے قومی اور بین الاقوامی وہیل چیئر کرکٹرز کو مذکورہ ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے اور قائد اعظم ٹرافی میں نوجوان کھلاڑیوں کو بھرپور موقع فراہم کیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ملک میں وہیل چیئر کرکٹ کے فروغ اور پاکستان کی میزبانی میں عنقریب منعقد ہونے والے تیسرے ٹی20 ایشیا کپ میں کراچی اور حیدرآباد میں میچز کا انعقاد ہوگا جو انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
وہیل چیئر قائداعظم ٹرافی میں مجموعی طور پر 10 میچ کھیلے جائیں گے، فائنل ڈے اینڈ نائٹ ہوگا جس کا انعقاد 25 فروری کو بوہڑاں والی گراؤنڈ میں ہوگا جبکہ ٹرافی کی رونمائی کی تقریب 10 فروری کو فیصل آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں ہوگی جس میں کھلاڑیوں اور معززین اور سابقہ اور موجودہ کرکٹرز شرکت کریں گے۔