کراچی، پولیس مقابلے میں لیاری گینگ وار کا خطرناک کمانڈر انور عرف کوجیک ہلاک
فوٹو: فائل
شہر قائد کے علاقے پرانا گولیمار میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان ہونے والا فائرنگ کا تبادلہ ایک بڑے انجام تک جا پہنچا۔
کیماڑی پاک کالونی پولیس اور مسلح ملزم کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران پولیس پر فائرنگ کرنے والا ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، تاہم اسپتال منتقل کرتے ہوئے وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔
ایس ایس پی کیماڑی امجد احمد شیخ کے مطابق مقابلے کے دوران ملزم سے ایک رائفل اور پستول برآمد کیے گئے۔
زخمی ملزم کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں اس کی موت واقع ہو گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پرانا گولیمار اور ملحقہ علاقوں میں سرچنگ آپریشن جاری رکھا گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت انور عرف کوجیک کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق لیاری گینگ وار سے تھا اور وہ بدنام زمانہ گینگ وار سرغنہ عذیر بلوچ کا اہم کمانڈر رہ چکا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ انور عرف کوجیک لیاقت آباد الیاس گوٹھ کا رہائشی تھا اور حالیہ دنوں میں لیاری گینگ وار کے جمیل چھانگا گروپ کے ساتھ کام کر رہا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، ڈکیتی، منشیات فروشی، دھماکہ خیز مواد رکھنے، پولیس پر فائرنگ، قتل اور اقدامِ قتل جیسے درجنوں سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔
ملزم متعدد بار پولیس مقابلوں اور مختلف سنگین جرائم میں گرفتار بھی ہو چکا تھا۔