بھارت میں جھولا ٹوٹ کر پولیس اہلکاروں پر گر گیا؛ 1 ہلاک، متعدد زخمی؛ ویڈیو وائرل

پولیس اہلکار روایتی میلے میں سیکیورٹی کے لیے موجود تھے

بھارت میں جھولا گرنے سے پولیس انسپکٹر ہلاک اور 17 زخمی

بھارتی ریاست ہریانہ میں سورج کُند میلے کے دوران شہریوں سے بھرا ایک بڑا جھولا اچانک ٹوٹ کر زمین پر گر گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ جھولا جس مقام پر گرا وہاں پولیس اہلکار بھی سیکیورٹی پر مامور تھے۔ پولیس افسر سمیت متعدد افراد جھولے تلے دب گئے۔

جھولے کو اپنی مدد آپ کے تحت اُٹھا کر زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک پولیس انسپکٹر جگدیش پرساد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔

اس افسوسناک واقعے میں 2 پولیس اہلکار سمیت 17 افراد زخمی بھی ہوئے جنھیں اسپتال میں طبی امداد دی گئی جب کہ 4 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

تاحال حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تحقیقات سے معلوم کیا جائے گا کہ جھولا کس وجہ سے ٹوٹا اور کیا حفاظتی تقاضے پورے کیے گئے تھے یا نہیں۔

ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ جھولا خراب یا کمزور ساخت کا محسوس ہوتا تھا البتہ ابھی کسی بھی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔

Load Next Story