طلاق یافتہ مرد سے شادی؛ پہلے کیا جان لینا ضروری ہے؛ بشریٰ انصاری کا لڑکیوں کو مشورہ

بشریٰ انصاری نے لڑکیوں اور ان کے والدین کو رشتہ کرنے سے متعلق مفید مشورے دیئے

اداکارہ، میزبان اور گلوکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے حالیہ یوٹیوب وی لاگ میں لڑکیوں اور اُن کے والدین کو اہم مشورہ دیئے ہیں۔

ففٹی ففٹی، آنگن ٹیڑھا، اُڈاری، تیرے بن، کبھی میں کبھی تم، سیتا بھگری اور زیبائش جیسے مقبول ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی بشریٰ اپنے تجربے اور مشاہدے کی بنیاد پر نوجوان نسل کو مشورے بھی دیتی نظر آتی رہتی ہیں۔

اپنے ایک حالیہ وی لاگ میں بشریٰ انصاری نے ایک اہم ایشو کی جانب توجہ دلائی ہے جس پر معاشرے میں کم ہی بات کی جاتی ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ جو لڑکیاں ایسے مرد سے شادی کرنے جا رہی ہیں جن کی پہلے ہی شادی ہو چکی ہو اور اس کے بچے ہوں تو لڑکیوں کو یہ ضرور دیکھنا چاہیے کہ پہلی شادی کیوں ٹوٹی تھی۔

بشریٰ انصاری نے لڑکیوں اور ان کے والدین سے کہا کہ یہ آپ کا حق ہے کہ آپ اُس مرد سے شادی ٹوٹنے کی وجہ جانیں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ قصور عورت کا ہو مگر ایسا کم ہی ہوتا ہے۔

اداکارہ بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ کوئی بھی عورت بچوں کے ہوتے ہوئے اپنے شوہر کو کسی بھی صورت چھوڑنا نہیں چاہتی ہے۔

انھوں نے مزید کہا مرد کے لیے نئی زندگی شروع کرنا نسبتاً آسان ہوتا ہے لیکن عورت کے لیے یہ بہت دشوار گزار راستہ ہے۔

بشریٰ انصاری نے اس معاملے میں والدین کی ذمہ داری پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ لڑکی کے والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ سنجیدگی سے تحقیقات کریں کہ پہلی شادی کیوں ختم ہوئی تھی۔

انھوں نے مزید کہا بعد میں پچھتانے سے بہتر ہے پہلے حقیقت معلوم کرلی جائے۔ بعض مرد اپنی منفی عادات نہیں بدلتے اس لیے احتیاط بے حد ضروری ہے۔

یاد رہے کہ بشریٰ انصاری کی پہلی شادی پروڈیوسر اقبال انصاری سے 1978 میں ہوئی تھی جو 2014 میں ختم ہوئی۔

اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ انھوں نے طویل شادی ایک قید کی طرح اپنے بچیوں کی وجہ سے کاٹی اور جب سب پاؤں پر کھڑے ہوگئے تو یہ انتہائی قدم اُٹھایا۔

بشریٰ انصاری نے حال ہی میں دوسری شادی اداکار، ہدایتکار اقبال حسین سے کی ہے جسے کچھ عرصے خفیہ بھی رکھا گیا تھا۔

 

Load Next Story