کراچی: ٹریفک حادثات میں ضعیف خاتون اور نجی بینک کا منیجر جاں بحق

دونوں حادثات کے ذمہ دار ڈرائیورز موقع سے فرار ہوگئے

کراچی:

شہر میں مختلف ٹریفک حادثات میں ضعیف خاتون اور نجی بینک کا منیجر جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح گڈاپ سٹی تھانے کے علاقے سپر ہائی وے بقائی پل چشتیہ ہوٹل کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کیلئے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

متوفی کی شناخت 42 سالہ رمیزاختر حسین ولد اختر حسین کے نام سے کی گئی متوفی شخص مکان نمبر آر باسٹھ  سیکٹر زیڈ 6 گلشن معمار کا رہائشی اورملیر کینٹ کے قریب واقع نجی بینک کا منیجرتھا۔

ایس ایچ او گڈاپ سٹی سرفراز جتوئی کے مطابق متوفی شخص کو نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے ٹکر ماری تھی، موٹر سائیکل کو ٹکر لگی تو رمیز اختر سڑک پر گر گیا اسی دوران عقب سے آتی دوسری گاڑی نے رمیز اختر کو کچل دیا۔

حادثے کے بعد دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے، پولیس کے مطابق حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اورعینی شاہدین کے بیان حاصل کر رہے ہیں، حادثے کے ذمہ داروں کی گرفتاری کے لیے کوشش جاری ہے۔

ادھر کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے کورنگی ویٹا چورنگی اٹک پمپ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے راہ گیر ضعیف خاتون جاں بحق ہوگئی جن کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفیہ خاتون کی شناخت 70 سالہ عائشہ زوجہ سرفراز کے نام سے کی گئی۔

 ایس ایچ او ناصرمحمود کے مطابق متوفیہ خاتون نشے کی عادی تھی اورسڑک کنارے فٹ  پاتھ پر سورہی تھی کہ تیز رفتار نامعلوم گاڑی خاتون پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔

Load Next Story