رونالڈو کا دو میچز کے بائیکاٹ کے بعد النصر کیلے دوبارہ میدان میں اترنے کا امکان

رونالڈو نے الریاض اور الاتحاد کے خلاف میچز نہیں کھیلے حالانکہ وہ گزشتہ ہفتے ٹریننگ سیشنز میں واپس آ چکے تھے

النصر کلب کو توقع ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اپنا احتجاج ختم کرتے ہوئے ہفتے کو دوبارہ ٹیم کے لیے میدان میں اتریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پرتگال کے اسٹار فٹبالر گزشتہ دو سعودی پرو لیگ میچز میں شریک نہیں ہوئے تھے کیونکہ وہ کلب کے انتظامی اور مالی معاملات سے ناخوش تھے۔

رپورٹس کے مطابق کلب حکام کی جانب سے یقین دہانیوں کے بعد رونالڈو کی ہفتے کو الفتح کے خلاف لیگ میچ میں واپسی متوقع ہے۔

اس سے قبل النصر کو بدھ کے روز ترکمانستان میں ایشین چیمپئنز لیگ ٹو کا میچ کھیلنا ہے، تاہم اس مقابلے میں ان کی شرکت مشکوک ہے۔

رونالڈو نے الریاض اور الاتحاد کے خلاف میچز نہیں کھیلے حالانکہ وہ گزشتہ ہفتے ٹریننگ سیشنز میں واپس آ چکے تھے۔

کلب انتظامیہ کو خدشہ تھا کہ ان کا احتجاج سعودی پرو لیگ اور سعودی عرب کے امیج کو نقصان پہنچا رہا ہے جس پر لیگ نے انہیں وارننگ بھی دی۔

رونالڈو کا ماننا ہے کہ ان کے کلب کو مالی سپورٹ میں الہلال کے مقابلے میں نظرانداز کیا جا رہا ہے، خاص طور پر جنوری ٹرانسفر ونڈو میں الہلال کی بڑی خریداریوں پر وہ ناراض تھے۔

تاہم لیگ حکام کا کہنا ہے کہ فنڈنگ تمام کلبوں کے لیے یکساں ہے اور النصر اس سیزن میں پہلے ہی بڑی رقم خرچ کر چکا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ رونالڈو کی عدم موجودگی کے باوجود النصر نے مسلسل دو میچز جیتے۔

واضح رہے کہ رونالڈو کے معاہدے میں ابھی 18 ماہ باقی ہیں۔

Load Next Story