کورنگی میں جھگڑے کےدوران فوڈ ڈیلوری رائیڈر زخمی ہونے پر2 پولیس اہلکار گرفتار، اقدام قتل کا مقدمہ درج

واقعے میں ملوث 2 پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے

شہر قائد کے علاقے کورنگی الفلاح میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے فوڈ ڈیلوری رائیڈر زخمی ہونے کے معاملے پر 2 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر کے اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ کورنگی الفلاح میں خواجہ سراؤں سے جھگڑے کے دوران پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کے زخمی ہونے کا معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث 2 پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دونوں اہلکاروں کے خلاف اقدامِ قتل کی دفعہ کے تحت تھانہ الفلاح میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ زخمی ہونے والے فوڈ ڈیلوری رائیڈر دانش کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کا راہ گیر خواجہ سراؤں سے جھگڑا ہوا تھا، جس دوران خواجہ سراؤں کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا گیا۔

اس ہی جھگڑے کے دوران اہلکاروں نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی، اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار فوڈ ڈیلوری رائیڈر فائرنگ کی زد میں آگیا۔ زخمی رائیڈر کو کندھے پر ایک گولی لگی، جس کے بعد اسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار پولیس اہلکاروں میں محسن اور سیف شامل ہیں، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔

Load Next Story