تھائی لینڈ میں 18 سالہ لڑکے کی اسکول میں فائرنگ؛ طالبہ کو یرغمال بنالیا
تھائی لینڈ میں 18 سالہ نوجوان کی اسکول میں فائرنگ
تھائی لینڈ کے ایک اسکول میں نوجوان لڑکے نے داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کردی اور طالبہ سمیت متعدد افراد کو یرغمال بنالیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ تھائی لینڈ کے جنوبی ضلع ہٹ یائی میں پیش آیا تھا۔ جہاں اسکول فائرنگ سے گونج اُٹھا تھا۔
پولیس نے اطلاع ملتے ہی اسکول کا گھیراؤ کرلیا اور فوری سرچ آپریشن شروع کیا گیا جس کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے بقول اسکول میں موجود تمام طلبا اور عملہ محفوظ ہیں جنھیں ملزم سے بحفاظت بازیاب کرالیا گیا تھا۔
ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ ملزم ہلاک ہوگیا تاہم بعد میں تھائی لینڈ کے سینٹرل انویسٹی گیشن بیورو نے وضاحت کی کہ ملزم کو گولی لگنے کے بعد قابو کر لیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے، تاحال واقعے کے محرک کا پتا نہیں چل سکا۔ حملہ آور کا ذہنی معائنہ بھی کرایا جائے گا۔
عینی شاہدین کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہیلمٹ اور بلٹ پروف جیکٹس پہنے پولیس اہلکار 3 منزلہ عمارت میں داخل ہو رہے ہیں جبکہ فائرنگ کی آوازیں گونج رہی ہیں۔
یاد رہے کہ تھائی لینڈ میں اسلحہ رکھنا نسبتاً عام ہے اور گزشتہ برسوں میں کئی بڑے پُرتشدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔
2022 میں ایک سابق پولیس اہلکار نے مشرقی تھائی لینڈ کے ایک نرسری سینٹر میں بندوق اور چاقو سے حملہ کر کے 36 افراد کو قتل کیا تھا جن میں بڑی تعداد بچوں کی تھی۔