بحیرہ عرب میں پاک بحریہ، میری ٹائم ایجنسی کی کارروائی، 20 ارب روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد
بحیرہ عرب میں پاکستان نیوی، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی، جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر اور اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ نے مشترکہ طور پر ایک اہم بین الادارہ جاتی کارروائی کے دوران منشیات کی بھاری مقدارقبضے میں لے لی۔
ترجمان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کےمطابق انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر ایک بے ریاست (Stateless) کشتی کو روک کر اس پر سوار ہو کر تلاشی لی گئی۔
تفصیلی تلاش کے دوران کشتی سے 1300 کلوگرام سے زائد چرس اور بڑی مقدار میں غیر قانونی شراب برآمد ہوئی، جو ترسیل کے لیے لے جائی جا رہی تھی۔
اس کامیاب کارروائی کو بروقت انٹیلیجنس شیئرنگ، حقیقی وقت میں مؤثر رابطہ کاری اور شریک اداروں کی مربوط حکمت عملی نے ممکن بنایا۔
ضبط شدہ منشیات و دیگر اشیاء کی مجموعی اسٹریٹ ویلیو 20 ارب پاکستانی روپے سے زائد بتائی جاتی ہے، جو خطے میں سرگرم منشیات اور اسمگلنگ نیٹ ورکس کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔
ضبط شدہ سامان مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے باضابطہ طور پر اینٹی نارکوٹکس فورس (سندھ) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
یہ کارروائی پاکستان کے سمندری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی کو اجاگر کرتی ہے اور اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ عزم، قومی سمندری حدود کے تحفظ اور علاقائی سلامتی کے فروغ کی توثیق کرتی ہے۔