کراچی کی تاریخ کی سب سےبڑی واردات،جیولری شاپ کی دیوارتوڑکر30کروڑ کا سونا چرالیا گیا،فوٹیج سامنےآگئی
کراچی میں شہرقائد کی تاریخ کی سب سے بڑی چوری کی واردات سامنے آ گئی، جیولری شاپ کی دیوار توڑ کر 30 کروڑ روپے کا سونا لوٹ لیا گیا۔
اورنگی ٹاؤن قبال مارکیٹ میں بڑی نقب زنی کی واردات کے دوران نامعلوم نقب زن جیولری شاپ کی دیوارتوڑکر 30 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا606 تولے سونا اور25 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے ہیرے لے اڑے۔
نقب زنی کی واردات کا مقدمہ متاثرہ جیولرکی مدعیت میں نامعلوم نقب زنوں کے خلاف درج کرلیا گیا،جیولری شاپ میں نقب زنی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ۔۔تفصیلات کے مطابق شہرقائد میں جیولری شاپ میں تاریخ کی سب سےبڑی نقب زنی کی واردات کے دوران نامعلوم نقب زن جیولری شاپ کی دیوارتوڑکر 30 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا606 تولے سونا اور25 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے ہیرے لے اڑے۔
واردات ڈسٹرکٹ ویسٹ کے اقبال مارکیٹ تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 مین روڈ اقبال مارکیٹ میں واقع معروف جیولری شاپ پر انجام دی گئی متاثرہ جیولر ایوب خان نے واردات کا مقدمہ الزام نمبر26/41 اقبال مارکیٹ تھانے میں درج کرادیا۔
جیولرایوب خان نے پویس کو بتایاکہ 12 فروری بروزجمعرات کی شب جیولری شاپ کے کاریگروں نے معمول کے مطابق جیولرشاپ بند کی تھی 14 فروری بروزہفتے کی صبح کاریگروں نے دکان کھولی تو جیولری کے متعدد باکس خالی نکلے۔
کاریگروں نے نقب زنی کی واردات کی اطلاع بزریعہ فون دی جس پر میں اپنے گھر سے فوری دکان پہنچا دکان کے مین گیٹ کے شٹر سےاندر جاکر دیکھا تودکان کے عقبی حصے کی دیوار ٹوٹی ہوئی تھی دکان کے اندر جیولری کا سامان چیک کیا تو کافی باکس خالی ملے دکان کے پیچھے جا کردیکھا تو دکان کی دیوار ٹوٹی ہوئی تھی ہمارا ذاتی سونے سے بنا ہوا سامان7 ہزار 64 گرام غائب تھا کچھ ہیرے اوردیگر سامان بھی غائب تھا جس کی مالیت 25 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
چوری کیے جانے والے سامان میں کسٹمرز کا بھی سامان تھا ،پولیس کی جانب سے مقدمے کے اندارج کے بعد بڑی نقب زنی کی واردات کی تفتیش شروع کردی گئی۔
جیولری شاپ میں نقب زنی واردات کی سی سی ٹی وی سب سے پہلے ایکسپریس نیوزنے حاصل کرلی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں نقب زنوں کوجیولری دیوارتوڑکرجیولری شاپ میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہےفوٹیج میں دبلے جسامت کے حامل نامعلوم نقب زن متعدد کوششوں کےبعد جیولری شاپ میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیولری شاپ کی عقبہ جانب سے کیا گیا سوراخ پہلے چھوٹا تھا اور نقب زن نے سر کے پل جیولری شاپ میں داخل ہونے کی کوشش کی اور نقب زن سراغ میں پھنس گیا۔
سوراخ مزید بڑا کرکے نقب زن جیولری شاپ میں پیروں کی جانب سے داخل ہوا، واردات میں ملوث نقب زن نے چہرے میں کپڑا لپیٹ کر چہرا چھپایا ہوا ہے جیولری شاپ میں داخل ہوتے ہی ملزم نے کیمرے پر کپڑا لگایا، نقب زن کو علم تھا کہ کس طرف کیمرہ لگا ہوا ہے نقب زن نے وقت ضائع کیے بغیر پہلے کیمرے کو کورکیا۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ایس ایس پی ویسٹ سے واقعہ کی فوری اور مفصل رپورٹ طلب کرلی۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ واردات میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری اور لوٹے گئے مال کی برآمدگی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز، فرانزک شواہد اور دیگر تکنیکی ذرائع کو بروئے کار لاکر ملزمان تک ہر صورت رسائی حاصل کی جائے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ شہر میں جیولری مارکیٹس اور حساس تجارتی مراکز کی سیکیورٹی مزید مؤثر اور سخت بنائی جائے، ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔