کراچی؛ کیماڑی ٹاپو کے قریب گھر سے 6 بچوں کی ماں کی گلا کٹی ہوئی لاش برآمد
کیماڑی ٹاپو کے قریب گھر سے خاتون کی گلا کٹی ہوئی لاش ملی ، مقتولہ 6 بچوں کی ماں کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق کیماڑی کے علاقے ٹاپو سبحان اللہ مسجد کے قریب گھر سے خاتون کی گلا کٹی خون میں لت پت لاش ملی جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کرنے کے بعد لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر دی جہاں مقتولہ کی شناخت 45 سالہ فرضیہ زوجہ عبدالمطلب کے نام سے کی گئی۔
اس حوالے سے ایس ایچ او جیکسن مٹھل نے بتایا کہ مقتولہ 6 بچوں کی ماں تھی جس میں 4 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہے اور ان دونوں کی شادی ہوچکی ہے ، جس وقت قتل کی واردات ہوئی خاتون گھر میں اکیلی تھی، ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ نامعلوم شخص نے گھر میں داخل ہو کر خاتون کو تیز دھار آلے کے وار سے گلا کاٹ کر قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ مقتولہ کا شوہر روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم ہے جبکہ مقتولہ گھر میں ساس ، سر اور 4 کے بیٹوں کے ہمراہ رہائش پذیر تھی ، 2 بیٹے دوپہر کی شفٹ میں اسکول اور 2 بیٹے مدرسے گئے ہوئے تھے جبکہ گھر پر ساس اور سسر بھی موجود نہیں تھے۔
مذکورہ واردات پیر کی دوپہر یا سہ پہر ہوئی تھی جس کی اطلاع علاقہ مکینوں نے پولیس کو دی تھی، تاہم پولیس علاقہ مکینوں سمیت دیگر اہلخانہ سے واقعے سے متعلق معلومات حاصل کر رہی ہے جبکہ حاصل کیے گئے شواہد کی روشنی میں بھی پولیس مزید چھان بین کر رہی ہے۔