پاکستانی فری لانسرز کی بڑی کامیابی، اہم سنگِ میل عبور کرنے کو تیار

گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستانی فری لانسرز نے 70کروڑ ڈالر کمائے تھے، بانی چیئرمین پاکستان فری لانسز ایسوسی ایشن

فوٹو: فائل

کراچی:

رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستانی فری لانسرز ایک ارب ڈالر کے برآمدی کلب کا حصہ بن جائیں گے۔

پاکستان فری لانسز ایسوسی ایشن کے بانی چیئرمین ابراہیم امین کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستانی فری لانسرز نے 70کروڑ ڈالر کمائے تھے جبکہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں فری لانسنگ کی آمدنی 55 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فری لانسرز کو بیرون ملک سے ترسیلات منگوانے میں کچھ مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ گزشتہ 10 سال سے ایک ہی غیر ملکی مالیاتی ادارہ فری لانسرز کو خدمات فراہم کر رہا ہے۔ ایک ہی غیر ملکی مالیاتی ادارہ ہونے کی وجہ سے فری لانسرز کو متعدد مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فری لانسرز کو ترقی دینے کے لیے انہیں جدید غیر ملکی ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ دیگر شعبوں کی برآمد کنندگان کی طرز پر فری لانسرز کو بھی بیرون ملک کانفرنسز اور نمائشوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ فری لانسرز کو اپنی خدمات بہتر طور پر فروخت کرنے کے حوالے سے تربیت فراہمی کا بندوبست کیا جائے۔ فری لانسرز کو اپ گریڈ کر کے انہیں کمپنی تشکیل دینے کی جانب راغب کرنے کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات ضروری ہیں۔

Load Next Story