خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے
فوٹو: فائل
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن ہے۔
زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 اور گہرائی 73 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی اور زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن افغانستان تھا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور اور گردونواح سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، خیبر پختون خوا کے بیشتر حصوں میں افطاری کے دوران 6 بج کر 10 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پشاور، دیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مردان اور صوابی میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے، وادی سون اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
پنجاب میں چکوال، تلہ گنگ، لاوہ، کلر کہار، چوآسیدن شاہ اورڈھڈیال میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ڈسٹرکٹ انتظامیہ سے زلزلے سے کسی قسم کے نقصانات کی رپورٹ طلب کر لی ہے تاہم تا حال کسی جانی یا مال نقصان کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔
پنجاب کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے زلزلے سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں زلزلے کے باعث کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پوٹھوہار ریجن سرگودھا اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی اور زلزلے کا مرکز افغانستان تھا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ متعلقہ انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے، پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز 24/7 فعال ہیں۔