پی ایچ ایف کے انتظامی معاملات سے ہاکی اولمپیئنز کو نکال دیا گیا، ٹیکنوکریٹس کی تقرری
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتظامی معاملات سے ہاکی اولمپئنز کو الگ کردیا گیا۔ صدر، سیکرٹری اور خزانچی کے اہم عہدوں پر ٹیکنوکریٹس کی تقرری کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایڈہاک صدر کی حیثیت سے معاملات دیکھنے والے محی الدین وانی نے بریگیڈیئر ریٹائرڈ اکمل عزیز کو سیکرٹری جنرل کی ذمہ داریاں سونپ دیں۔
خزانچی کے عہدے پر کیپٹن ریٹائرڈ فرخ عتیق خان کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ وہ مصر جا کر ورلڈکپ کوالیفائر کھیلنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے دستےکے سربراہ بھی مقرر کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مستقبل میں پاکستان ہاکی کو بھی کرکٹ بورڈ کی طرز پر گورننگ بورڈ کے ذریعے چلائے جانے کا روشن امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہاکی اولمپئنز انتظامی معاملات کو چلانے میں ناکام رہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی کے زوال میں ماضی کے اولمپئنز کے اختلافات، ذاتی مفادات، مبینہ کرپشن، کھیل میں سیاست، پسند و ناپسند اور میرٹ سے ہٹ کر فیصلوں نے اہم کردار اداکیا۔
حکومتی اداروں کی رپورٹ پر قومی کھیل کو دوبارہ عروج پر گامزن کرنے کے لیے پہلی بار پروفیشنل طریقہ کار سے ہاکی معاملات کو چلانےکی حکمت عملی بنائی جارہی ہے۔
ہاکی گراؤنڈ کے معاملات میں کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں کی ہی خدمات لی جائیں گی، دوسرے اہم شعبوں پر پروفیشنلز ہی ذمہ داریاں نبھا کر قومی کھیل کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔