کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں میں 6 زخمیوں سمیت 11 ڈاکو گرفتار

زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا

فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان مقابلوں کے دوران 6 زخمیوں سمیت مجموعی طور پر 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق تمام کارروائیاں مختلف تھانوں کی حدود میں کی گئیں اور گرفتار ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کے تھانہ سکھن کی حدود بھینس کالونی فاطمہ سوسائٹی کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

زخمی ملزم کی شناخت وسیم کے نام سے ہوئی جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

زمان ٹاؤن پولیس نے کورنگی کریک روڈ پر مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں ایک زخمی محمد اقبال کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دوسرا ملزم معین کو تھانے لے جایا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار افراد سے اسلحہ، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔

شارع نور جہاں پولیس نے نارتھ ناظم آباد عبداللہ کالج کے قریب کارروائی کرتے ہوئے دو زخمیوں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا۔

زخمی ملزمان عرفان علی اور ندیم احمد کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ تیسرے ملزم امجد علی کو تھانے منتقل کر دیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو پستولیں، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

سرجانی ٹاؤن پولیس نے بروہی گوٹھ میں مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں زخمی عبداللہ شاہ کو اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دوسرا ملزم عمیر پولیس کی تحویل میں ہے۔

اس کارروائی میں بھی اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

گلبرگ پولیس نے فیڈرل بی ایریا بلاک 11 میں کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں زخمی اویس کو اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دیگر دو ملزمان محمد آصف اور ارشد کو تھانے منتقل کر دیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

Load Next Story