26 نومبر احتجاج کیس میں علیمہ خان کو پھر ریلیف مل گیا
فوٹو: فائل
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 26 نومبر احتجاج کیس میں علیمہ خان کی حاضری معافی کی درخواست پر محفوض کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔
علیمہ خان آج بھی پیش نہیں ہوئی تھی اور حاضری معافی کی درخواست دائر کی تھی۔ سرکاری پراسیکیوٹر نے عدم پیشی پر حاضری معافی درخواست کی سخت مخالفت کی تھی۔
پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ملزمہ علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں اور سرکاری وکیل مقرر کر کے آخری گواہ پر جرح کروائی جائے۔ ملزمہ مسلسل دانستہ پیش نہیں ہو رہی یہ رویہ غلط ہے، آخری گواہ رہ گیا لہٰذا سرکاری وکیل مقرر کر کے جرح مکمل کروائی جائے۔
وکیل صفائی اور پراسیکیوٹر کے دلائل سن کر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
عدالت نے کچھ دیر بعد علیمہ خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرکے 26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کر دی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ حاضری معافی نہیں ہوگی، علیمہ خان سمیت تمام ملزمان 9 مارچ کو عدالت میں پیش ہوں۔ آئندہ تاریخ پر وکیل صفائی آخری گواہ تفتیشی آفیسر پر جرح مکمل کریں گے۔
عدالت نے بانی چیئرمین سے وکالت نامے سپرنٹنڈنٹ جیل کو تصدیق کر کے وکلاء کو فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔