اسرائیل پر حملے کا جشن؛ ظہران ممدانی کی اہلیہ کو سوشل میڈیا پر ہراسانی کا سامنا
ظہران ممدانی کی اہلیہ نے اسرائیل پر حماس کے حملوں کی پوسٹوں کو لائیک کیا تھا
نیویارک کے پہلے مسلم میئر ظہران ممدانی کی اہلیہ نے 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملے سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹس کو لائیک کیا تھا جس پر اب انھیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق راما دوواجی نے انسٹاگرام پر ایک ایسی پوسٹ کو لائیک کیا جس میں فلسطینیوں کو اسرائیل کی سرحدی باڑ عبور کرتے دکھایا گیا تھا اور کیپشن میں اسے “اپارتھائیڈ کی دیواریں توڑنا” قرار دیا گیا تھا۔
انھوں نے جس ایک اور پوسٹ کو پسند کیا تھا اس میں فلسطینی افراد کو ایک قبضے میں لیے گئے اسرائیلی فوجی گاڑی کے ساتھ بیٹھے دکھایا گیا تھا جبکہ اس پر لکھا تھا کہ 1948 سے اپارتھائیڈ کے خلاف مزاحمت جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ دونوں پوسٹس اسی دن شیئر کی گئی تھیں جب 7 اکتوبر 2023 کو حماس نے اسرائیل پر بڑا حملہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ راما دوواجی نے حملے کے اگلے روز اسرائیل کے خلاف ہونے والے مظاہروں کی حمایت میں بھی دو پوسٹس کو لائک کیا۔
اس رپورٹ کے شائع ہونے کے بعد ظہران ممدانی کی اہلیہ کو سوشل میڈیا پر ہراسانی اور ٹرولنگ کا سامنا ہے۔ شدت پسندوں نے انھیں ڈرانے اور دھمکانے کی بھی کوشش کی۔
اس معاملے پر اب تک نہ تو ظہران ممدانی اور نہ ان کی اہلیہ کا کوئی فوری ردعمل سامنے آیا ہے۔ یاد رہے کہ دونوں 2021 میں ایک دوسرے کے قریب آئے اور گزشتہ برس شادی کی تھی۔
دوسری جانب حال ہی میں امریکی اخبار نے ایک الگ رپورٹ میں بتایا تھا کہ امریکی کانگریس کے ڈین گولڈمین کی اہلیہ نے بھی 7 اکتوبر کے فوری بعد ایسی سوشل میڈیا پوسٹس کو پسند کیا تھا جن میں فلسطینیوں کی حمایت کرنے والے افراد پر تنقید کی گئی اور بعض متنازع بیانات دیے گئے تھے۔
ادھر نیویارک سٹی کونسل کی رکن اینا ورنیکوو نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے طنز کیا کہ “ریکارڈ کے اخبار” کو چاہیے کہ وہ میئر ممدانی سے اس بارے میں سوال کرے تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ ایسا ممکنہ طور پر نہیں کیا جائے گا۔